بنگلورو،27؍مئی (ایس او نیوز) کسانوں کا قرضہ معاف کرنے کی مانگ کولے کر کرناٹک بند کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) نے جو آواز دے رکھی ہے، اس کیلئے پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر و سابق وزیر اعلیٰ یڈی یورپا نے ریاستی اسمبلی میں کمار سوامی کی جانب سے اکثریت ثابت کرنے کے دوران تقریر میں 28؍مئی کو ‘‘کرناٹک بند’’ کا اعلان کیا تھا۔ اس بات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے محکمہ پولیس نے ساحلی ملناڈ، شمالی کنڑا اضلاع میں پولیس کا سخت بندوبست کررکھا ہے۔ مذکورہ اضلاع میں افزود پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے تاکہ بند کے دوران کسی بھی طرح کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔
ایڈیشنل پولیس کمشنر (نظم وضبط) کمل پنت نے بتایا کہ بی جے پی کا گڑھ مانے جانے والے ساحلی کینرا اور ملناڈ اضلاع میں احتیاطی طور پر پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا ہے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے مقامی پولیس افسران کو سخت تاکید کی گئی ہے۔ احتجاج کے دوران قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والے شرپسند عناصر اور تنظیموں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے بھی اڈیشنل پولیس کمشنر نے ہدایت جاری کی ہے۔
مسٹر کمل پنت نے کہا کہ بند کے دوران زبردستی تجارتی مراکز کو بند کرنے، دکانوں کو بند کرنے، راستہ روکو احتجاج ، عوامی جائیدادوں کو نقصان پہنچانے اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پیدا کرنے والے شرپسندعناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسان اور احتجاجی مظاہرین قانون کو اپنے ہاتھ میں لئے بغیر امن و امان کے ساتھ ریلی نکال سکتے ہیں، جس کے لئے پولیس اہلکاروں کا بندوبست کیا جائیگا۔
اس درمیان بنگلورو شہر کے پولیس کمشنر ٹی۔ سنیل کمار نے کہا کہ 28؍مئی کو بی جے پی کی جانب سے کرناٹک بند کا جو اعلان ہوا ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلورو شہر میں کسی بھی طرح کا بند کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ مزید بتایا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے زبردستی دکانوں کو بندکرانے ، راستہ روک کر احتجاج کرنے اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پیدا کرنے کا بھی موقع نہیں دیا جائے گا۔ اس طرح کی حرکت کرنے پر ایسے شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔